اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سعودی آرامکو کی پاکستان کے ڈاؤن اسٹریم پیٹرولیم سیکٹر میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی معاہدے زیر غور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے شہر العُلا میں کانفرنس کے موقع پر سعودی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان سے سعودی عرب کو ہنرمند افرادی قوت کی برآمد بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ سعودی وژن 2030 سے سیکھنے کے لیے پاکستان پُرعزم ہے، پاکستان اور سعودی عرب کی شراکت داری طویل المدتی اور انتہائی مضبوط ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب وژن 2030 کے اہداف وقت سے پہلے حاصل کر رہا ہے، سعودی عرب کی کامیابیوں سے پاکستان کو اپنی اقتصادی اصلاحات میں رہنمائی مل سکتی ہے۔
وزیرخزانہ نے پاکستان میں بڑھتی ہوئی سعودی سرمایہ کاری پر اظہار اطمینان بھی کیا۔