اسلام آباد (پاک صحافت) سعودی سرمایہ کار وفد کے دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مفاہمت کی 27 یادداشتوں پر دستخط ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا، تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ معاہدوں پر عمل درآمد کیلئے تمام اقدامات یقینی بنائیں گے، دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل میں اقتصادی روابط اور تعاون مزید بڑھے گا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی وزیر سرمایہ کاری، خالد بن عبدالعزیز الفالح نے ملاقات کی، ملاقات میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وفاقی وزراء بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات ہیں، سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وزیر کا دورہ سرمایہ کاری اور معاشی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے اہم سنگ میل ہے، ایس آئی ایف سی غیر ملکی سرمایہ کاری تیز کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔