(پاک صحافت) پاکستان اور بیلاروس کے درمیان معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کیے گئے ہیں۔ بیلاروس کے مالی تعاون کے فنڈ برائے کاروبار اور سمیڈا کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ بیلاروس کی داخلی امور کی وزارت اور وزارتِ داخلہ پاکستان کے درمیان تعاون کا معاہدہ کیا گیا۔ پاکستان اور بیلاروس کی وزارتِ دفاع کے درمیان فوجی تعاون کا معاہدہ ہوا۔
دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون 2025ء سے 2027ء کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا۔ روڈ میپ بیلاروس کی فوجی صنعت کی اسٹیٹ اتھارٹی اور وزارتِ دفاعی پیداوار پاکستان کے درمیان طے پا گیا۔ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان ماحولیاتی تحفظ کی مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے لیے روڈ میپ دیا گیا۔ بیلاروس کے ایوانِ صنعت و تجارت اور ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی پاکستان کے درمیان تعاون کا معاہدہ ہوا ہے۔
بیلاروس کے صدر نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، شہباز شریف کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو نئی جہت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس بزنس فورم کا انعقاد تجارت کے فروغ کے لیے اہم ہے، دو طرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے مواقع سے حقیقی معنوں میں استفادہ کرنا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیلاروس کے صدر کے دورہ پاکستان نے دوستی کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا، دو طرفہ تعلقات سے متعلق ہماری مفید بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے مفاہمتی یاداشتوں کا تبادلہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، بیلاروس کی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کےمواقع اور سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کو زرعی اور صنعتی شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے، بیلاروس میں مقیم پاکستانی اس کی تعمیر اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔