پاکستان اللہ کی بہت بڑی نعمت، سب کو اس کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہے۔ گورنر سندھ

کامران ٹیسوری

کراچی (پاک صحافت) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت ہے، ہم سب کو پاکستان کی ترقی میں مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عید گاہ شریف گراؤنڈ میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان محمد علی جناح نے بھی اس تاریخی مسجد میں نماز ادا کی، عید گاہ شریف کا تاریخی ورثہ ہماری دینی و ثقافتی شناخت کا مظہر ہے، اسلامی تعلیمات کے فروغ میں مساجد کا کردار انتہائی اہم ہے۔ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے دین اسلام کی رہنمائی ناگزیر ہے، اللہ نے اس ملک کو بزرگان دین کی دعاؤں کی وجہ سے بچا رکھا ہے، بزرگان دین نے اسلام کی تبلیغ میں اہم کردار ادا کیا۔

ذرائع کے مطابق کامران ٹیسوری کا مزید کہنا تھا کہ کئی بار سنا کہ شہر کراچی میں طوفان آرہا ہے، قریب پہنچ چکا ہے، سندھ میں ایسا سیلاب آیا کہ دنیا بھی پریشان تھی، لاکھوں پریشانیوں کے باوجود ہم اپنے پاؤں پر کھڑے ہیں، گوگل سرچ کرلیں تو سب کچھ سامنے آجاتا ہے، نبی کریم ﷺکی سیرت پر عمل کرنے سے گوگل سے زیادہ رہنمائی ملے گی۔

گورنر سندھ نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے، ہم سب کو اللہ تعالیٰ کو راضی کرنا ہے، ایک دوسرے کو صفوں اور دلوں میں جگہ دیں، ایک دوسرے کو دلوں میں جگہ دینے سے ہی استحکام ممکن ہے، سگے بھائی سے بھی ناراضگی ہوتو 10سال تک ہاتھ نہیں ملاتے، سب سے پہلے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دوستوں سے معافی مانگنی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے