پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں سب سے زیادہ تعاون کرنے والا ملک ہے۔ آئی ایس پی آر

پاک فوج

راولپنڈی (پاک صحافت) پاکستان اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں اپنی افواج کے ذریعے سب سے زیادہ تعاون کرنے والا ملک ہے، پاکستان عالمی امن مشن میں خدمات سرانجام دینے والے بہادر مرد اور خواتین کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے عالمی پیس کیپرز ڈے کے موقع پر جاری بیان میں کہا کہ آج عالمی امن کیلئے کوشاں اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن منایا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 1960 سے لے کر اب تک پاکستان نے دنیا کے تقریباَ تمام براعظموں سمیت 29 ممالک میں اقوامِ متحدہ کے 48 امن مشنز میں 2 لاکھ 35 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس وقت 3 ہزار کے قریب پیس کیپر اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت خدمات سرانجام دے رہے ہیں، یہ امن دستے ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو، جنوبی سوڈان، وسطی افریقی جمہوریہ، قبرص، مغربی صحارا اور صومالیہ کے امن مشنز میں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ’’اقوام متحدہ کے امن دستوں کا عالمی دن‘‘ منایا جا رہا ہے، اس دن فروغ امن کیلئے کردار ادا کرنے والے بہادر مردوں اور خواتین کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے، جنہوں نے دنیا بھر میں تنازعات سے متاثرہ علاقوں میں امن اور استحکام کیلئے پوری جانفشانی سے اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات انجام دیں۔

یہ دن اقوامِ متحدہ کا امن برقرار رکھنے کی کاوشوں، انسانی مصائب کے خاتمے، جنگوں اور اندرونی تنازعات کے شکار ممالک میں دیرپا امن و امان کی صورتحال قائم رکھنے کے عالمی عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے