اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیلی جارحیت کا شکار فلسطینیوں کی ہر سطح پر مدد کیلیے تیار ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں سیرت میوزیم کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اس میوزیم کی تیاری میں خادم حرمین شریفین اور سعودی ولی عہد نے اہم کردار ادا کیا ہے، جس پر ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سیرت میوزیم اسلام کے خلاف ہونے والے عالمی پروپیگنڈے اور اسلامو فوبیا کے خلاف ایک توانا آواز ثابت ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ یہ میوزیم نظریاتی طور پر ہونے والے اختلافات و مسلم مخالف پروپیگنڈے کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔ وزیراعظم نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل کی پاکستان آمد پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومت اور عوام کی طرف سے اُن کو خوش آمدید کہا۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اس وقت اسرائیلی جارحیت اور شدید مسائل کا شکار ہیں جس کے لیے رابطہ عالمی اسلامی کا ادارہ بڑے پیمانے پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان ہر سطح پر مسائل کا شکار مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے تیار ہے۔