لاہور (پاک صحافت) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ پارلیمانی بالادستی سے علاقائی تعاون کو فروغ دیں گے، جمہوری روایات، عوامی اعتماد اور آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کیلئے کام کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں منعقدہ سی پی اے کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے کہا کہ اس کانفرنس میں ہم نے جو پلان دیا وہ تمام ممالک کی ترقی کے لئے کردار ادا کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ملک احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ سی پی اے نے لاہور چارٹر پاس کیا جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ خطہ کے ممالک جمہوری طور پر ترقی کریں، پارلیمانی سفارت کاری سے ہم حکومتوں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سی پی اے لاہور چارٹر کے ذریعے کوشش کریں گے تمام پارلیمنٹ اپنے لوگوں کی ترقی کے لیے کام کریں، سی پی اے لاہور چارٹر سے اس چیز کا اعادہ کرتا ہوں کہ ہم جمہوری روایات، عوام اعتماد، آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے کام کریں گے۔