ٹانک (پاک صحافت) ٹانک میں دھماکے کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر وقار احمد خان کا کہنا ہے کہ دھماکا نواحی علاقے کڑی حیدر کے خوڑ میں ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا اور موٹر سائیکل بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔
ڈی پی او کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ موٹرسائیکل سوار ٹانک سے آ رہا تھا اور اس کی موٹرسائیکل میں پہلے سے ہی بم نصب کیاگیا تھا جو کڑی حیدر کے خوڑ میں پھٹ گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق شخص کی شناخت حکمت اللہ کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کڑی حیدر کا رہائشی ہے۔ پولیس کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا یا کسی اور ذریعے سے کیا گیا، تفتیش جاری ہے۔
Short Link
Copied