لاہور (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب میں ہماری اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا تھا، ووٹ چوری کرنے کے باوجود پنجاب میں ہماری اکثریت آ گئی۔ پاکستان کو عدم استحکام سے بچانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرتے رہیں گے، گزشتہ دور میں سیاسی مخالفین کو جیلوں میں بند کیا گیا، یہ چلتی جمہوریت بعض لوگوں کو اچھی نہیں لگتی، عمران خان سیاسی مخالفین پر کرپشن ثابت نہ کر سکے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سعد رفیق نے لاہور میں لبرٹی چوک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں آئین، جمہوریت اور ووٹ کی عزت کے لیے جمع ہوئے ہیں، 2018 میں آر ٹی ایس بند کر کے نتائج دیے گئے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کو دیوار سے لگانے کی سازش بند کی جائے۔
واضح رہے کہ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ عمران خان کو زبردستی قوم پر مسلط کیا گیا تھا، آئین بنانے کا حق پارلیمنٹ کو ہے، ہم نے عمران خان کو آئینی طریقے سے حکومت سے نکالا، عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں صاف شفاف ضمنی الیکشن ہوئے، صاف شفاف الیکشن کے باوجود عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کو تنقید کا نشانہ بنایا، عمران خان الزامات لگا کر اداروں پر دباو ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔