لاہور (پاک صحافت) چوہدری شافع حسین کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے نوجوان سچ اور جھوٹ بولنے والوں کو پہچانیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے پنجاب کے صدر شافع حسین نے یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 9 مئی کو شہدا کے مجسمے توڑے گئے، اُس دن جو کچھ بھی ہوا، اُس کے پیچھے اُس ہی پارٹی کا لیڈر ہے۔ سوشل میڈیا پر جو منفی چیز دیکھیں، اس کی مذمت کریں، پاکستان آرمی کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
شافع حسین کا مزید کہنا تھا کہ کہ 9 سال خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت رہی مگر انہوں نے ایک بھی جنرل اسپتال نہیں بنوایا۔ پنجاب میں موقع ملا تو جنرل اسپتال اور ٹیکنیکل کالج میں بہتری لائیں گے۔ زراعت کے شعبے میں بھی بہت کام ہونے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدان کو وہی بات کرنی چاہیے جس پر وہ عمل کریں، پنجاب میں پچھلے 4 سال جتنی کرپشن ہوئی، اس سے پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ پچھلے دور حکومت میں ٹرانسفر پوسٹنگ کی مد میں بھی کرپشن کی گئی ہے۔