اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں اربوں ڈالرز کے ذخائر ہیں، وقت آگیا ہے کہ پاکستان استحکام کے راستے پر چلے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے، اڑان پاکستان حکومت کا نہیں بلکہ 22 کروڑ عوام کا ایجنڈا ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پاکستان استحکام کے راستے پر چلے، اوورسیز پاکستانی وطن کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں اربوں ڈالرز کے ذخائر ہیں، بلوچستان میں تانبے کے ذخائر نکالنے کےلیے کام ہو رہا ہے۔
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ چینی کمپنیاں بھی بلوچستان سے ذخائر نکالنے میں دلچسپی لے رہی ہیں، سعودی عرب نے بھی پاکستان کے قدرتی ذخائر پر سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ اگلے 10 سے 12 سال میں بلوچستان پاکستان کا سب سے امیر صوبہ ہوگا، چاہتے ہیں کہ بلوچستان سے نکلنے والے ذخائر کا خام مال باہر نہ جائے بلکہ وہیں پر کام ہو۔
انہوں نے کہا کہ چین نے گوادر میں اسپتال اور اسکول تعمیر کیے، چین بھی گوادر کی مقامی کمیونٹی کے لیے کام کر رہا ہے، وہ مقامی طلبہ کو اسکالرشپ بھی دے رہا ہے۔