کوئٹہ (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وفاق بلوچستان سے مل کر صوبے کے 28 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بلوچستان کسان پیکج معاہدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ منصوبوں کو 3 ماہ میں پائے تکمیل تک پہنچائیں گے، بجلی کابل ادا نہ ہونے پر گزشتہ 10 سال میں وفاق کے 500 ارب ضائع ہوئے۔ صوبوں کے ساتھ مل کر اس معاہدے کو مکمل کریں گے، بجلی فیڈر سے آتی ہے ہم شمسی توانائی پر لے کرجارہے ہیں، وفاق بلوچستان کے ساتھ مل کر 28 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرے گا، منصوبے پر 55 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
بعد ازاں کوئٹہ میں کابینہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ وزیراعظم منتخب ہونے پر پہلی بار کوئٹہ آیا ہوں، ٹیوب ویلز کے شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے کسان خوشحال ہوگا، معاہدے کے تحت 28 ہزار کسان مستفید ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ معاہدے سے کسانوں کو سستی بجلی ملے گی، وزیراعلی نے یقین دلایا کہ 3 ماہ میں منصوبہ مکمل کریں گے، کسانوں کی فلاح کے لیے کام کررہے ہیں، بلوچستان کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، منصوبے سے 80 سے 90 ارب روپے ضائع ہونے سے بچ جائیں گے۔