اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی کابینہ نے پی ڈبلیو ڈی ختم کرنے کا معاملہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ ایم ایل ون کے حوالے سے مجوزہ مالیاتی معاہدہ منظوری کےلیے دوبارہ کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے۔ پی ڈبلیو ڈی کا معاملہ وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں زیر بحث لائے بغیر مؤخر کیا، اور ہدایت کی کہ اگلے اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی بندش کا فیصلہ کیا جائے گا۔
اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کابینہ کو گزشتہ روز کے دورہ کوئٹہ پر اعتماد میں لیا اور کہا دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور انہیں نشان عبرت بنانے کیلئے پوری قوم پرعزم ہے، بلوچستان میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے۔ بلوچستان حکومت بلوچ نوجوانوں کو قومی دھارے میں لانے، ترقی و خوشحالی کیلئے قابلِ ستائش اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا وفاقی حکومت عالمی معیار تعلیم، یکساں ترقی مواقع فراہمی کیلئے بلوچستان حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔ کابینہ نے قراقرم ہائی وے کے ایک حصے کی ری الائنمنٹ سمیت دیگر منصوبوں کی منظوری دی اور انتیس اگست کے ای سی سی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔