اسلام آباد (پاک صحافت) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے صوبائی حکومت کی عدم توجہ، معاشی ترقی کے لئے وفاقی حکومت کے اقدامات، نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں میں مشغولیت، صوبے میں دانش سکول کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور اس میں بہتری کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں رہنماﺅں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔
گورنر خیبر پختونخوا اور وفاقی وزیر اطلاعات نے صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لئے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں نوجوانوں کو انتشاری سیاست سے دور رکھنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی حکومت خیبر پختونخوا میں سیکورٹی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔ دونوں رہنماﺅں کے درمیان صوبے میں تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔