اسلام آباد (پاک صحافت) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم دورے پر ترکیہ پہنچ گئے ہیں۔
ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق استنبول ایئر پورٹ پر ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید اور ترکیہ کی وزارت داخلہ کے ڈائریکٹر جنرل مہمت علدی اور اعلی حکام نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ استنبول میں اہم بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کریں گے، دورے میں بارڈر مینجمنٹ، سکیورٹی، انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر ترکیہ کے وزراء اور لیڈر شپ سے بات چیت ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ترکیہ کابینہ کے وزراء اور مرکزی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ترکیہ کے دورے کے دوران باہمی تعاون کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ دورے کا مقصد پاک ترکیہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔