کوئٹہ (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ محسن علی نقوی اور وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا، محسن نقوی اور میر سرفراز بگٹی نے زخمیوں کی عیادت کی۔
تفصیلات کے مطابق اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی سرفراز بگٹی نے کہا کہ حکومت بلوچستان لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، دہشتگردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، انسانی حقوق کی بات کرنے والے آج کہاں ہیں، کون سے عوامل بلوچ عوام کو دہشت گردی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ بلوچستان میں کب تک خون کا بازار گرم رہے گا، دہشت گردوں کی کوئی قوم نہیں، ہمیں اس جنگ کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ واقعے سے متعلق تحقیقات کرنے کا کہہ دیا ہے، 5 سے 7 ماہ کے دوران یہ میرا دسواں دورہ ہے، دہشت گردی کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا، دہشت گردی کو ختم کرکے دکھائیں گے۔