وزیر داخلہ کا پی ٹی آئی جلسے کے شرکا کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کا نوٹس

محسن نقوی

لاہور (پاک صحافت) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے شرکاء کی جانب سے اسلام آباد پولیس پر کئے گئے پتھراؤ کے واقعہ کا نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق اتوار کو پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے علاقے سنگجانی کی مویشی منڈی میں جلسہ منعقد کیا گیا جس کے اختتام کا وقت این او سی کے مطابق شام 7 بجے تک کا تھا۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پی ٹی آئی کے جلسہ منتظمین کو انتباہی نوٹس جاری کیا گیا اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے پی ٹی آئی اسلام آباد کے صدر عامر مسعود مغل کو جاری کردہ نوٹس میں طے شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی۔

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق جلسے کے لئے دیئے گئے روٹ کی خلاف ورزی کرکے آنے والےشرکاء کی جانب سے پولیس پر شدید پتھراؤ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایس ایس پی سیف سٹی اور پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد پولیس سے رپورٹ طلب کی اور زخمی ایس ایس پی شعیب خان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے