اسلام آباد (پاک صحافت) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے فچ ریٹنگ کے نمائندوں سے ورچوئل ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ ٹیکس نیٹ کو وسیع کر رہے ہیں۔
وزارت خزانہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے نئے مالی سال کے اہم معاشی اہداف کے حوالے سے فچ نمائندوں کو بریفنگ دی جب کہ فچ ریٹنگز ایجنسی کے نمائندوں نے پاکستان کے مالیاتی اقدامات کو سراہا۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ 3 سالوں میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 3 فیصد تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا، مالی سال 2025 کے لیے جی ڈی پی کے 1 فیصد کا بنیادی سرپلس بھی حاصل کیا جائے گا، آئی ایم ایف معاہدے کے ذریعے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کو تقویت ملے گی۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مالی سال 2025 میں اپنے محصولات کو جی ڈی پی کے 1.5 فیصد تک بڑھائیں گے۔ مالی سال 2023 کے مقابلے 2024 کے دوران ٹیکس کی وصولی میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔
وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی اور مالی ذخائر میں استحکام آیا ہے، ترسیلات زر میں گزشتہ مالی سال 7.7 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔