کراچی (پاک صحافت) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ صوبائی وزراء اور وزیرِ اعلیٰ سے کوئی شکایت ہے تو مجھ سے بات کریں، کسی اور سے نہ کریں۔ کراچی میں تاجر برادری کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی شعبہ ایسا نہیں جس سے میرا رابطہ نہ ہوتا ہو۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ اس کا مقصد آپ کے مسائل سننا اور ان کا حل نکالنا ہے، یہ ملاقات بہت پہلے ہو جانی چاہیے تھی۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے ملک کے لیے جو کردار ادا کیا وہ سب کے سامنے ہے، جن مسائل کا آپ سامنا کر رہے ہو وہ سب جانتے ہیں، اس سے پہلے جو شہر چلتا تھا وہ بھی سب چانتے ہیں۔ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ مسائل کا حل نکالنے کی ذمے داری ہماری ہے، اسے قبول کرتے ہیں، توانائی کے حوالے سے سندھ میں سب سے زیادہ پوٹینشنل موجود ہے۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ کراچی جس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اس کی تمام ضرورت پوری کرنا چیلنج ہے، آپ لوگوں کو پانی کا حصہ نہیں دیا جا رہا ہے، کراچی پاکستان کا آخری حصہ ہے یہاں سب سے آخری میں پانی آتا ہے، وفافی حکومت نے جو فیصلہ کیا ہے اس کی ہم ویسے ہی مخالفت کرتے آئے ہیں۔