اسلام آباد (پاک صحافت) وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے سے متعلق اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے تمام ادارے فعال کردار ادا کریں۔
وزیرِ اعظم نے ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنے والوں کی اسکریننگ کا معیاری نظام قائم کیا جائے۔ شہباز شریف نے غیر قانونی بیرون ملک سفر اور انسانی اسمگلنگ کے بارے میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایت اور انسانی اسمگلنگ کے انتہائی مطلوب اسمگلروں کی حوالگی کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں انسانی اسمگلروں کے خلاف اب تک لیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا کہ جون 2023ء تا دسمبر 2024ء انسانی اسمگلنگ کے واقعات میں متعدد انسانی اسمگلر گرفتار ہو چکے، متعدد سہولت کار سرکاری اہلکار برطرف کیے جا چکے اور کئی تادیبی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تعزیری اقدامات کیے جا رہے ہیں، انسانی اسمگلروں کے 500 ملین روپے سے زائد کے اثاثے ضبط ہو چکے ہیں۔