لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ڈپلومیسی فورم 2025 کے تحت منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کانفرنس میں شریک مہمانوں کا خیر مقدم کیا، وزیراعلی مریم نواز شریف کل کانفرنس سے خطاب کریں گی، ڈپلومیسی کانفرنس کا عنوان تقسیم دنیا میں مستقبل کی تعمیر، تعلیم! تبدیلی لانے کی ایک طاقت رکھا گیا ہے۔
وزیر اعلی مریم نواز صوبہ پنجاب میں تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی حکومت کے اقدامات اور اپنی جماعت کے منشور پر روشنی ڈالیں گی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ترکیہ کے دورے پر انطالیہ پہنچیں، انطالیہ کے ڈپٹی گورنر ڈاکٹر سعاد سید اوغلو نے ہوائی اڈے پر دیگر اعلی حکام کے ہمراہ وزیراعلی مریم نواز شریف کا استقبال کیا۔
ترکیہ کی خاتون اول محترمہ امینے ایردوآن کی دعوت پر وزیراعلی مریم نواز شریف ترکیہ کا دورہ کر رہی ہیں، ڈپٹی گورنر ڈاکٹر سعاد سید اوغلو نے وزیر اعلیٰ کو انطالیہ آمد پر خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیراعلی پنجاب نے استقبال کے لئے آمد اور مہمان نوازی پر ترکیہ کی حکومت اور قیادت کا شکریہ ادا کیا، پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی وزیر اعلی مریم نواز شریف کے ساتھ ہیں۔