وزیراعلی مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس، کاشتکاروں کیلیے اہم فیصلے، راشن کارڈ کے ذریعے 10 ہزار روپے ماہانہ امداد کی تجویز پر اتفاق

مریم نواز

لاہور (پاک صحافت) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 25 ویں اجلاس میں کاشتکاروں کے لیے اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں فلور ملوں کے لیے 25 فیصد گندم خریداری یقینی بنانے کے لئے فوڈگرینز (لائسنسنگ کنٹرول) آرڈریننس، 1957ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی جس کے تحت 25 فیصد لازمی گندم خریداری نہ کرنے والے فلور ملوں کے لائسنس منسوخ ہوسکیں گے۔ گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ویٹ سیکٹر کی ڈی ریگولیشن کی منظوری دی گئی۔ (EWR) الیکٹرانک ویئر ہاؤس ریسیٹ سسٹم کے نفاذ کی تجویز کی منظوری دی گئی جس سے کاشتکار کواپنی گندم سٹور کرنے کی سہولت ملے گی اور سٹوریج کے اخراجات حکومت برادشت کرے گی۔

ذرائع کے مطابق  کابینہ اجلاس میں 15 لاکھ کارکنوں، مزدوروں اور ورکرز کے لیے پاکستان کا سب سے بڑا راشن کارڈ متعارف کرانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ ورکرز کو راشن کارڈ کے ذریعے 10 ہزار روپے ماہانہ امداد کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز کی کاوشوں سے پنجاب میں چاول کے کاشتکاروں کے لیے بھی اہم فیصلے کیے گئے۔ کابینہ نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ، انہوئی اکیڈمی آف ایگریکلچرل سائنسز، چین اور ایوب ایگریکلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ فیصل آباد کے درمیان ایم او یو (MoU) کی منظوری دی۔ چین کا ادارہ پنجاب میں چاول کاہائیبرڈ سیڈ متعارف کرانے کے لیے معاونت کرے گا۔

 اجلاس میں چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہور کے قواعد و ضوابط میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں پاکستان کا پہلا نوازشریف ارلی ایجوکیشن سنٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا۔ کابینہ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں ماحول دوست الیکٹرک بسیں چلانے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے راجن پور میں بھی الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز نے واسا اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کی کیپسٹی بلڈنگ کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز کے وژن T-30 کے تحت فیصل آباد میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے فزیبلیٹی اسٹڈی کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن T-30 کے تحت لاہور میں ییلو، بلیو اور پرپل لائن کے ماس ٹرانزٹ سسٹمز کی فزیبلیٹی سٹڈیز کی منظوری دی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے