وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے ایک سانحے سے بچالیا، وزیر اطلاعات

اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال کے معاملے پر کہا کہ وزیراعظم کے بروقت نوٹس نے ایک سانحے سے بچالیا، کوشش کی گئی کہ افراتفری کا عالم ہو لیکن بلاتفریق تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلایا اور ان کی آرا کو سنا، انتشار پھیلانے کی کوشش کو ناکام بنادیا گیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ وفاقی وزرا اور اتحادی جماعتوں کے رہنما بھی اجلاس میں موجود تھے، فیصلہ ہوا 23 ارب روپے وفاقی حکومت فی الفور کشمیر کی حکومت کو فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مہنگائی میں کمی تحریک انتشار سمیت کسی کو ہضم نہیں ہورہی، ہر سازش کو اللّٰہ کے فضل سے ناکام بنائیں گے، بہترین حکومتی اقدامات سے دشمن قوتوں کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے مہنگائی کا جن قابو میں آرہا ہے، بیرونی سرمایہ کاری دن بدن بڑھتی جا رہی ہے۔ اسٹاک مارکیٹ روز بروز ریکارڈ توڑ رہی ہے۔ عطا تارڑ نے کہا کہ حکومتوں کا ہی کام ہوتا ہے کہ بروقت فیصلہ سازی کریں، ہزارہ کمیونٹی کی لاشیں کئی دن کوئٹہ میں پڑی رہیں، اس وقت کے وزیراعظم نہ جانے پر بضد تھے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مہنگائی 36 فیصد کی شرح پر تھی اور اب 17 فیصد پر ہے، ملک دشمن قوتوں اور سیاسی مخالفین کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی، ان کو ہضم نہیں ہورہا کہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے پاکستان کی ترقی کی بات کررہے ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان کی ساکھ بحال ہورہی ہے ، غیر ملکی وفود آرہے ہیں، اس حکومت اور اُس حکومت میں یہی فرق ہے کہ پہلے دنوں میں معاملات حل ہوتے تھے اب گھنٹوں میں ہوتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے