اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے گئے جہاں انھوں نے پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق انھوں نے اس موقع پر چینی سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشتگرد حملے پر اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعظم نے دہشتگرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کی جلد از جلد شناخت کےلیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے۔ ذمہ داروں کو جلد شناخت کے بعد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اس واقعےکی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا۔ انھوں نے کہا غیر ملکیوں کےلیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
اس موقع پر چینی سفیر نے دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا۔ چینی سفیر نے معاملے کی مؤثر تحقیقات اور دہشتگردوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں حکومت پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا امید ہے واقعے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔