وزیراعظم کی نوجوانوں کو تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری

شہبازشریف

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کو مارکیٹ اور صنعتوں میں درکار ہنر اور کھپت کے مطابق تربیتی پروگرامز فراہم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم منصوبے پر عملدرآمد کے عمل کی خود نگرانی کریں گے جبکہ اس حوالے سے ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت بھی خود کرنے کا فیصلہ کیا۔ شہباز شریف نے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت کیلئے مقامی صنعتوں سے مسلسل روابط اور افرادی قوت کے بین الاقوامی اداروں کی کھپت کو مد نظر رکھنے جبکہ مقامی صنعتوں میں درکار ہنر کے حوالے سے جامع ڈیٹا بیس قائم کرنے کی بھی ہدایت دی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں، نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت اور ضروری ہنر کی فراہمی سے با اختیار اور بر سر روزگار بنا رہے ہیں، پاکستانی نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت کی فراہمی سے افرادی قوت کی برآمد کے فروغ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔

قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرصدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پلان پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو آئندہ 4 برس میں مختلف اداروں کے ذریعے تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے