اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام سے ضمنی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں آج ہونے والے ضمنی انتخابات میں عوام بھرپور طریقے سے حصہ لے کر اپنا آئینی حق استعمال کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا اپنے بیان میں مزید کہنا ہے کہ انتخابات آئینی و قانونی عمل ہے اور صرف عوام کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ کسے منتخب کریں۔ ووٹرز سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں آپ اور آپ کے ملک کی ترقی و خوشحالی کا دار و مدار آپ کے ووٹ پر ہے۔