مظفرآباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کا ایک روزہ دورہ آزاد جموں و کشمیر پر مظفرآباد پہنچ گئے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پہنچنے پر وزیراعظم آزاد کشمیر چودھری انوار الحق نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا استقبال کیا، پولیس کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی۔ وزیراعظم شہبازشریف کی آمد پر پاکستان کا قومی ترانہ بجایا گیا، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
ذرائع کے مطابق بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سے شاہ غلام قادر کی قیادت میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے وفد نے ملاقات کی، وزیراعظم نے کشمیری عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اقدامات میں حکومت پاکستان کی جانب سے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعظم نے وفد کے ارکان کو کشمیری عوام کے مسائل کے حل کیلئے متحرک کرداد ادا کرنے کی تلقین کی اور وفد کو آزاد کشمیر کے نوجوانوں کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات لینے کی ہدایت کی۔ وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر کی عوام کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ملاقات میں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چودھری انوار الحق، سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چودھری لطیف اکبر اور وفاقی وزراء ڈاکٹر احسن اقبال، انجینیئر امیر مقام، رانا تنویر حسین اور عطا اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔