اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے شینزن میں چین کی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کمپنی ”ہواوے“ کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ہواوے کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ہواوے کے چیئرمین لیانگ ہوا نے وزیراعظم شہباز شریف کا پرتپاک استقبال کیا۔ ہواوے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر پاکستانی ملی نغمے بجائے گئے۔ وزیراعظم نے ہواوے ہیڈکوارٹرز میں ایگزیبیشن سینٹر کا دورہ کیا۔ چیئرمین ہواوے نے وزیراعظم کو ہواوے کے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں آپریشنز بارے آگاہ کیا اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہواوے کے آپریشنز کی جدت کی تعریف کی اور ہواوے کو پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی ترغیب دی۔ ایگزیبیشن سینٹر میں وزیراعظم کو مختلف شعبوں بالخصوص ای گورننس، ڈیجیٹل بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن، مصنوعی ذہانت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہواوے کے تعاون سے پاکستان میں بننے والے سیف سٹی منصوبوں کی تعریف کی۔
بعد ازاں وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کی چیئرمین ہواوے کے ساتھ دوطرفہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیراعظم نے چیئرمین ہواوے کو حکومت کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار کی سہولت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔