وزیراعظم کا دورہ تاجکستان: مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط

شہباز شریف تاجکستان

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف کے دورۂ تاجکستان کے دوران دونوں ملکوں کے مابین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے مابین صنعتی تعاون، ہوابازی، سفارتکاری، سماجی روابط، تعلیم، کھیل، سیاحت سمیت دیگر کئی شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔ میزبان صدر امام علی رحمان نے کہا ہے کہ تاجکستان پاکستان کے ساتھ مستقبل میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات کرے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مشترکہ گفتگو کرتے ہوئے تاجک صدر امام علی رحمان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برادرانہ اور دیرینہ تعلقات ہیں۔ اپنے بھائی وزیراعظم شہباز شریف کا یہاں استقبال کر کے دلی خوشی ہوئی۔ پاکستان کے ساتھ آنے والے دنوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کے حوالے سے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے ساتھ تزویراتی سطح کے معاہدے پر دستخط کرنا اس دوستی کی کامیابی کی سند ہے، ریل اور روڈ لنک کے ذریعے علاقائی روابط کو تقویت ملے گی اور تجارت کے حوالے سے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ ٹرانزٹ معاہدہ طے پانے کے بعد پہلی مرتبہ NLC کاروان تاجکستان میں داخل ہوا۔ توانائی میں CASA 1000 ایک اہم پراجیکٹ ہے۔ پاکستان کی بندرگاہوں کے استعمال کے ذریعے تجارت میں اضافہ کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط دو طرفہ تعلقات کی مضبوطی کا باعث بنیں گے، جس سے نئی راہیں کھیلیں گی، زراعت، صحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کیلیے کام کریں گے، تاجکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے، دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم قریبی تعلقات کا آئینہ دار نہیں بلکہ سالانہ بنیادوں پر دونوں ممالک کو تجارتی حجم میں اضافے اور اہداف کا تعین کرنا ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے