وزیراعظم کا امیر قطر سے ٹیلیفونک رابطہ، دورہ پاکستان کی دعوت دیدی

شہباز شریف

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم محمد شہباز شریف کا امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا، شہباز شریف نے امیر قطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالفطر کے پُرمسرت موقع پر دلی مبارکباد پیش کی۔ گفتگو کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی اور دیرینہ برادرانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی سمیت تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیرِ اعظم اور امیر قطر کے مابین اہم عالمی و علاقائی امور پر بھی گفتگو ہوئی، وزیر اعظم نے غزہ میں امن کے قیام کیلئے امیر قطر کے سرگرم و موثر کردار اور خصوصی کوششوں کی تعریف کی۔ عزت مآب شیخ تمیم بن حمد الثانی نے وزیراعظم کی جانب سے عید کی مبارکباد کو قبول کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

امیر قطر نے وزیر اعظم کے دورہ قطر کے دوران منظر آرٹ گیلری کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ وزیرِ اعظم نے اس نمائش کے انعقاد اور خصوصی دعوت پر امیر قطر اور عالی مرتبت شیخہ المیاسہ کا شکریہ ادا کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے