وزیراعظم نے موسم بہار 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

شہباز شریف

اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم میاں شہباز شریف نے موسم بہار 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تقریب کے دوران وزیراعظم نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ رحمتوں اور برکتوں والے ماہ مقدس رمضان المبارک میں 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریباً 4 کروڑ 17 لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ہے جس میں پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں بہت مدد دیتے ہیں، شجرکاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔ پچھلے چند سالوں کے دوران ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شجرکاری کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ دنیا میں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، 2022 کا شدید ترین سیلاب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہی آیا اور اس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، حالانکہ گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے