جعفرآباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفرآباد کا دورہ کیا ہے اور جانی و مالی نقصانات کا قریب سے جائزہ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سیلاب سے متاثرہ علاقے جعفر آباد پہنچے جہاں چیف سیکرٹری بلوچستان اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے انہیں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم جعفر آباد کے گاؤں اللہ دینوں پہنچے، وزیراعظم کو بتایا گیا کہ قلعہ عبداللہ اور قلعہ سیف اللہ میں سیلاب سے کافی نقصان ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیلاب سے 65 ہزار سے زائد گھر گر گئے، سیلاب سے 9 لاکھ سے زائد ایکڑ زرعی زمین کو نقصان پہنچا، سیلاب سے سڑکوں اور پلوں کو بھی نقصان ہوا۔ وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گی اکہ 26 اگست کو کوئٹہ میں مکمل بلیک آؤٹ ہوگیا تھا، ایمرجنسی اور ریلیف کیلئے 10 ارب روپے کی ضرورت ہے، لوگوں کو صاف پانی اور دیگر ضروری اشیا فراہم کررہے ہیں، گیس کنکشن منقطع ہے ایس ایس جی سی سے بات کی ہے۔