ریاض (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف "مستقبل کی سرمایہ کاری” سمٹ میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، ایئرپورٹ پہنچنے پر ریاض کے گورنر فیصل بن بندر بن عبدالعزیز آل سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا، سینئر وفاقی وزراء پر مشتمل وفد بھی ان کے ہمراہ تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف آج ریاض میں شروع ہونے والے "فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو” سمٹ میں شرکت کے لیے 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر مملکت کا دورہ کررہے ہیں۔ ریاض میں اپنے قیام کے دوران شہباز شریف سعودی ولی عہد سے دیرینہ برادرانہ تعلقات کا جائزہ لینے اور کثیر الجہتی تعاون بالخصوص اقتصادی شعبے میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشاورت بھی کریں گے۔