اسلام آباد (پاک صحافت) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ Gentry Beach کی قیادت میں بین الاقوامی سرمایہ کار وفد نے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جینٹری بیچ نے پاکستان کی بے پناہ اقتصادی صلاحیت کی تعریف کی اور سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہا، ملاقات میں مستقبل کی ترقی کی رفتار پر بھی اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ کان کنی و معدنیات، قابلِ تجدید توانائی اور ٹیکنالوجی سمیت اہم شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں کاروباری مواقع میں گہری دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینٹری بیچ نے کہا کہ میں یہاں مذاکرات کیلئے نہیں کاروبار کیلئے آیا ہوں، میرا حکومت کی معاشی سفارتکاری سے کوئی تعلق نہیں، ہم پاکستان میں معدنیات، توانائی اور ریئل اسٹیٹ میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔