وزارت مذہبی امور نے حج پروازوں کا شیڈول جاری کردیا

حج

اسلام آباد (پاک صحافت) وزارت مذہبی امور نے امسال حج کے لیے جانے والے عازمین کی پروازوں کا شیڈول جاری کردیا۔

ترجمان کے مطابق رواں سال حج کے لیے روانگی کی پروازیں 9 مئی سے شروع کی جائیں گی اور یہ 9 جون تک جاری رہیں گی۔ ابتدائی طور پر 15 دن تک جانے والی پروازیں مدینہ منورہ جائیں گی، جس کے بعد 24 مئی سے 9 جون تک زیادہ تر پروازیں جدہ ائرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔

حج فلائٹ آپریشن کے پہلے روز 11 پروازوں کے ذریعے 2160 عازمین سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ اسلام آباد سے 3 پروازوں کے ذریعے 680 عازمینِ حج سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ کراچی سے 2 پروازوں کے ذریعے 330 مسافر روانہ ہوں گے جب کہ لاہور سے 3 پروازوں کے ذریعے 670 مسافر روانہ ہوں گے۔

اسی طرح ملتان سے 2 پروازوں کے ذریعے 329 عازمین حج سفر کا آغاز کریں گے۔ سیالکوٹ سے ایک پرواز کے ذریعے 151 عازمینِ کرام مدینہ منورہ پہنچیں گے۔ کوئٹہ سے پہلی حج پرواز 11 مئی کو روانہ ہوگی۔ سکھر سے پہلی حج پرواز 27 مئی کو روانہ ہوگی۔

مجموعی طور پر 259 حج پروازوں کے ذریعے 68 ہزار سے زائد سرکاری اسکیم کے تحت جانے والے عازمینِ حج سعودی عرب پہنچیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے