اسلام آباد (پاک صحافت) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو نیب کا مقصد ہی سیاستدانوں کو ٹارگٹ کرنا ہے۔ اسی مقصد و ہدف کے لئے اسے وجود میں لایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب سیاسی انتقام میں مصروف ہے۔ حکومتی اشاروں پر بے بنیاد اور من گھڑت کیسز بنائے جارہے ہیں۔ اس ادارے کا مقصد ہی ملکی سیاستدانوں کو ٹارگٹ کرنا ہے۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا ہے کہ ہم نے پیپلزپارٹی کو کوئی شوکاز نوٹس نہیں بھیجا ہے صرف وضاحت مانگی ہے جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی اور آٹا امپورٹ کرنے کا اسکینڈل عوام کے سامنے نہ رکھ سکی۔ ملک کے اثاثے پر ہی حکومت کوئی عوام کے سامنے وضاحت کردے۔ حکومت روز ویلٹ ہوٹل کے معاملے پر وضاحت کرے کہ آخر یہ ہے کیا۔ روز ویلٹ ہوٹل پاکستان کی ملکیت ہے اور اس کی حقیقت عوام کو بتانا ضروری ہے۔