اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائیزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ آنے والا وقت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا ہے ، نواز شریف کی لیڈر شپ میں پاکستان کو بھنور سے نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے جاری بیان میں کہا کہ نوجوانوں کو آگے آکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ مریم نواز آج شام امارات سے لاہور پہنچیں گی۔ مریم نواز کی آمد کیلئے ن لیگ کی جانب سے لاہور میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ دوسری جانب جنرل سیکریٹری ن لیگ امارات ابو بکر آفندی نے کہا کہ مریم نواز کی قائدانہ صلاحیتوں سے ملک ترقی کرے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنما غوث قادری نے مریم نواز کو شیلڈ دی۔ یاد رہے کہ مریم نواز گزشتہ سال اکتوبر میں لندن روانہ ہوئی تھیں، لندن سے جنیوا جا کر اپنے گلے کی سرجری بھی کرائی تھی۔