اسلام آباد (پاک صحافت) مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو انصاف ملتے ملتے 7 سال گزر گئے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک بیان میں کہا ہے کہ الحمدللہ، قائد محمد نواز شریف آج تمام مقدمات میں بری ہوگئے ہیں، جس نے اللہ تعالی پر معاملہ چھوڑا تھا، اللہ تعالی نے اسے آج سرخرو کر دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کا مزید کہنا ہے کہ آج عوام کے سامنے اِن جعلی جھوٹے مقدموں کی حقیقت سامنے آگئی ہے جس میں انصاف ملتے ملتے 7 سال گزر گئے، ملک کا ناقابلِ تلافی نقصان ہوا۔ انشاءاللہ نواز شریف چوتھی بار پھر عوام کے ووٹ سے وزیراعظم بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں رکا تھا۔ نوجوانوں کا روزگار، مہنگائی میں کمی، ترقی کی شرح 6.1، انشاءاللہ سب ٹھیک کرے گا۔