سیالکوٹ (پاک صحافت) خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ نوازشریف وطن واپس آکر الیکشن مہم کی قیادت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقہ بندیوں کی وجہ سے الیکشن میں 2 سے 3 ماہ کی تاخیر ہوگی، ہماری حکمت عملی یہ ہوگی نواز شریف واپس آکر الیکشن مہم کی قیادت کریں۔
سانحہ جڑانوالہ سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سانحے کے پیچھے ایک متشدد سوچ ہے، جڑانوالہ سانحے جیسے واقعے کی اسلام میں کوئی گنجائش نہیں۔ جب مسلمانوں کے ہاتھوں اقلیتیں محفوظ نہ ہوں تو یہ ہمارے دین کی نفی ہے، جڑانوالہ سانحے پر ساری قوم شرمندہ ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ جڑانوالہ واقعے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت ایکشن لینا ہوگا۔