(پاک صحافت) وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ یہ نواز شریف کا عزم اور قوم کی دعائیں تھیں جس نے آج کے دن وطن عزیز کو ناقابل تسخیر بنایا تھا۔ خواجہ آصف نے یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ ماضی کے وہی عزم اور نیک ارادے ان شاء اللّٰہ اب پاکستان کو معاشی قوت بنائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئیں عہد کریں کہ ہم 9 مئی کی ذہنیت کو شکست دیں گے اور معاشی دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعلیٰ پنجاب، میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف بکے نہیں، جھکے نہیں، ایسے عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر فخر ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا تھا کہ قوم کو مبارک باد پیش کرتی ہوں، دفاعِ وطن کا مشن سر انجام دینے والی ٹیم کے ہر فرد کو سلام، پاکستان کو پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے نواز شریف کو بھی سلام۔ مریم نواز نے کہا تھا کہ یومِ تکبیر پاکستانی قوم ہی نہیں عالمِ اسلام کے لیے فخر کا دن ہے، ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے۔