اسلام آباد (پاک صحافت) وفاقی وزیر برائے نجکاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کا عمل 100 فیصد شفاف اور میڈیا کے سامنے ہوگا جبکہ نجکاری سے قومی ائیر لائن کے ملازمین کو کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے نجکاری نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کیلئے درخواستوں میں 15 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، پی آئی اے کی نجکاری میں 10 معروف کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے تاہم انہوں نے 15 دن کا مزید وقت مانگا ہے جس کے بعد نجکاری کیلئے درخواستوں میں 15 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا اور مزید توسیع نہیں ہوگی۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ نجکاری میں 3 مقامی ایئرلائنز بھی انٹرنیشنل کمپنیوں کیساتھ کنسور شیم بنا کر آنا چاہتی ہیں، پی آئی اے کو 830 ارب کا نقصان پہنچانے والوں کو نجکاری میں اپنا مفاد نظر نہیں آرہا، خسارے کا شکار تمام اداروں کی نجکاری ترجیح ہے۔