اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نئی نہروں کا معاملہ برننگ ایشو ہے، سندھ کے لوگوں کا خدشہ ہے کہ پانی کی تقسیم صحیح نہیں ہو رہی، سندھ میں لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ نہریں سندھ کے خلاف ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پرویز اشرف نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام سمجھتے ہیں اس وقت پانی کی کمی ہے۔ پانی کے تقسیم کے فارمولے پر عمل نہیں کر رہے، 1991 کے معاہدے کے مطابق پانی موجود نہیں تو کہاں سے لائیں گے۔
ذرائع کے مطابق راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم جس طرح شروع کیا گیا، وہ درست نہیں تھا۔ ڈیم نہیں بنایا لیکن نفرتیں بڑھانے کی کوشش کی گئی۔ سمجھتا ہوں، بیٹھ کر اس مسئلے کو طے کیا جائے، صدر مملکت نے بھی ان نہروں کے حوالے سے بات کی۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت کے بعد ہی کوئی راستہ نکل سکتا ہے، وفاق سے ایک پیغام جانا چاہیے کہ سب کا دکھ درد ایک ہے۔