اسلام آباد (پاک صحافت) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ میں نے اپنی جائیدادیں بیچ بیچ کر سیاست کی ہے، اگر میں نے کرپشن کی ہوتی تو اپنے لئے کچھ بناتا، کوئی بتائے میں نے کیا بنایا ہے؟
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ میں کسی نئے قانون سے فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا، میری دو سال کردار کشی کی گئی، مجھے گرفتار کیا گیا تو نیب سے پوچھا کہ کیا میں نے کوئی کرپشن کی؟ کیا ایک کھیلوں کا منصوبہ بنانا میرا قصور ہے؟ میری غلطی تھی کہ پروجیکٹ کی تمام فورمز سے منظوری کروائی، نیب نے مجھ پر 2.2 ارب روپے کے قومی خزانے کے نقصان کا الزام لگایا۔
احسن اقبال کا مزید کہنا ہے کہ جس رقم کے نقصان کا الزام لگایا گیا اس میں سے رقم جاری ہی نہیں ہوئی، میں یہ جاننا چاہتا ہوں کہ میں نے قومی خزانے کو نقصان پہنچا کر اپنا کیا بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نیب بتائے میں نے کونسی جائیدادیں بنائیں، کونسے اثاثے بنائے؟ میں نے اپنی جائیدادیں بیچ بیچ کر سیاست کی ہے، کیا میں نے کوئی قتل کیا ہے کوئی جوا خانہ بنایا ہے؟ کھیلوں کا منصوبہ بنایا ہے۔