اسلام آباد (پاک صحافت) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ میری سیاسی وابستگی نوازشریف، شہبازشریف اور پارٹی کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک سے آنے والے تحائف ملٹری سیکریٹری وصول کرکے توشہ خانہ میں جمع کرواتے تھے، اگر میں نے توشہ خانہ سے متعلق کوئی غیرقانونی عمل کیا ہے تو خود کو کارروائی کے لیے پیش کرتا ہوں۔
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ میں نے توشہ خانہ سے مارکیٹ کی قیمت کے حساب سے گھڑی لی لیکن عمران خان نے گھڑی کی قیمت اصل قیمت سے کم ظاہرکی جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرا سیاسی سفر ن لیگ کے ساتھ جاری ہے، میں نے کبھی کسی غیر متعلقہ فورم پر پارٹی کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، پارٹی اجلاس یا پارٹی قیادت کے سامنے کسی بھی پالیسی پر تنقید کرنا میرا حق ہے۔