میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے، مریم نواز

لاہور (پاک صحافت) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ بھی ہو بلاتفریق اسکالرشپ ملے گی۔ میری جیب سے پیسہ نہیں جا رہا، عوام کا پیسہ ہے عوام پر لگ رہا ہے۔ لاہور میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ میرے بھی تین بچے ہیں جو ان کےلیے سوچتی ہوں وہ ہی آپ کے لیے سوچتی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ کے والدین بہتر تعلیم دینے کے لیے دن رات کام کرتے ہیں، آپ کی تعلیم آپ کے ماں باپ سے زیادہ مریم نواز کی ذمہ داری ہے۔ یہ صرف اسکالر شپ نہیں، یہ آپ کی محنت کو تسلیم کرنا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ آج میں سیاسی لیڈر، یا وزیراعلیٰ نہیں بطور ماں آپ سے مخاطب ہوں۔ ریاست کو ماں کی طرح ہونا چاہیے۔ پنجاب کا کوئی بچہ فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلیٰ تعلیم سے محروم نہیں رہے گا۔ جو اپنے بچوں کےلیے سوچتی ہوں وہ ہی پنجاب کے بچوں کےلیے سوچتی ہوں۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 30 ہزار اسکالر شپس کےلیے 70 ہزار درخواستیں آئیں۔ اسکالرشپ کے اجرا میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں چاہتی تھی۔ طلبہ کا خواب اب میرا خواب اور میری ذمہ داری بن گیا ہے۔ 60 فی صد اسکالرشپس طالبات کو مل رہی ہیں، 30 ہزار اسکالرشپس میں سے 18 ہزار لڑکیاں، 12 ہزار لڑکے ہیں۔ تمام اسکالرشپس سو فیصد میرٹ پر دی گئیں۔ کسی کا تعلق ن لیگ سے نہ بھی ہو بلاتفریق اسکالرشپ ملے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے