اسلام آباد (پاک صحافت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جمہوریت میں آئین سازی کیلئے کم ازکم اتفاق رائے بناناپڑتا ہے، مولانا فضل الرحمان کافی چیزوں پر راضی ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں اٹھاریں ترمیم کی طرح مجوزہ آئینی ترامیم پربھی اتفاق رائے ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ دو دن پہلے یہ کمیٹی بنائی گئی، اس وقت اسمبلی کا ماحول خراب تھا، ہم نے اسمبلی کا ماحول بہتربنانے کی کوشش کی،ایک سیاسی جماعت کے قائد نے عدلیہ اور آرمی چیف پر حملہ کیا، وہ آج تک اپنے اس بیان سے پیچھے نہیں ہٹے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ جنہوں نے اس ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی ان سےکیا امید رکھ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم کم از کم اکثریتی اتفاق رائے لے کر آئیں، ہم 2006 سے میثاق جمہوریت کو مکمل کرنے کے انتظار میں ہیں، اگر ہمیں ایک دن اور انتظار کرناپڑا تو یہ کوئی بڑی بات نہیں۔ واضح رہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم ایوان میں پیش نہیں ہوسکیں، قومی اسمبلی، سینیٹ اور وفاقی کابینہ کا اجلاس پیر تک کے لیے ملتوی کردیا گیا۔