اسلام آباد (پاک صحافت) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو کو آئینی ترمیم پر ووٹ دینے کی یقین دہانی کرادی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں مولانا فضل الرحمان نے بلاول بھٹو کو آئینی ترمیم پر ووٹ دینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہمارے ارکان اسمبلی پہنچ گئے ہیں، میں بھی کچھ دیر میں ایوان میں پہنچ رہا ہوں۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آپ سب کو 26ویں آئینی ترمیم مبارک ہو، یہ ایکٹ فوری طور پر نافذ العمل ہوگا، ترمیم میں کوئی متنازع نقطہ نہیں بچا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لیے مولانا اور میں نے کوشش کی کہ انہیں سیاسی جماعت مانیں اور وہ سیاسی جماعت کے طور پر انگیج ہوں، دو ماہ سے مولانا ان سے بات چیت کر رہے ہیں، پی ٹی آئی کے اعتراضات میں سے اب کونسا پوائنٹ باقی رہتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مولانا سے طے کیا صبح ملاقات کرنی ہے، میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد پی ٹی آئی کا ردعمل آیا، میری اور مولانا کی پریس کانفرنس کے بعد جو پی ٹی آئی کا ردعمل آیا وہ افسوس ناک بات ہے۔