رحیم یار خان (پاک صحافت) سراج الحق کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت مافیاز، کرپٹ سرمایہ داروں اور وڈیروں کے نرغے میں ہے اور حکومت سے یہی لوگ ہی فائدہ لے رہے ہیں جبکہ غریب کا کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق رحیم یار خان میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے کریڈٹ پر کمرتوڑ مہنگائی، طوفان بے روزگاری، قرضوں کا پہاڑ اور کشمیر کا سودا ہے۔ وزیراعظم نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا، ایک نہیں دے سکے، موجودہ حکومت کے دور میں مافیاز کی چاندی ہے جو بحران پیدا کرکے اربوں کماتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا مزید کہنا تھا کہ آٹا، گھی، دالوں، سبزیوں کی قیمتیں غریب کے ہوش اڑا دیتی ہیں۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے۔ ایک طرف مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے دوسری جانب کرپٹ اشرافیہ مال بنانے میں مصروف ہے۔ رتی برابر بھی یقین نہیں کہ وزیراعظم پنڈورا پیپرز شفاف تحقیقات کرا سکیں گے۔ تینوں بڑی جماعتوں کے لوگوں کا نام حالیہ لیکس میں آیا ہے۔