اسلام آباد (پاک صحافت) عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ موجودہ اتحادی حکومت صحت کارڈ کو بند نہیں کر رہی ہے، صحت کارڈ کو بند کرنے کی خبریں جھوٹی اور من گھڑت ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت کارڈ کے حوالے سے بہت سی شکایات موجود ہیں، اس کی جتنی تشہیرکی گئی اعداد و شمار ویسے نہیں ہیں، اعداد و شمار اکھٹے کر رہے ہیں تاکہ پتا چلے کہ صحت کارڈ کی تشہیر اور عوام پر کتنی رقم خرچ ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صحت کارڈ کو صرف منظم کرتی ہے، صحت کارڈ پر ایسا کوئی فوری اقدام نہیں کریں گے جس سے علاج معالجہ بند ہوجائے۔ وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ ان کی حکومت ادویات کی قیمتوں میں کمی کی بھی کوشش کررہی ہے۔