اسلام آباد (پاک صحافت) مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے پیش کیا جانے والا منی بجٹ غریب عوام پر خودکش حملہ ہے جس سے مہنگائی آسمان تک پہنچے گی۔
تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے عوام کو ضمنی بجٹ سے ساڑھے تین سو ارب روپے کا بڑا جھٹکا دیا ہے۔ غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے تھے ملک میں خود کشیاں ہورہی تھیں اب حکومت نے ریلیف کے بجائے ڈرون گرا دیا ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت سادہ اکثریت کی بنیاد پر نہ صرف ضمنی بجٹ منظور کروایا بلکہ اسٹیٹ بینک کی قانون سازی کی گئی جو انتہائی شرمناک ہے، عمران خان کہتا رہا کبھی آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائوں گا خود کشی کر لوں گا لیکن ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کی جھولی میں ڈال دیا گیا ہے۔